لاہور( 22 نومبر2019 ء ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ میرٹ پر آیا تو پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ نااہل ہو جائیں گے۔ پی ٹی آئی کے خلاف تحقیقات جلد از جلد کی جائے، پی ٹی آئی کی تلاشی کا وقت ہو ا چاہتا ہے۔
جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھاکہ کیس میں تاخیر ملک کے لیے نقصان دہ ہے، الیکن کمیشن کو چاہیے کہ وہ اس کیس کی روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات کرے۔ اور کیس کا جلد فیصلہ کرے، جس روز فیصلہ آئے گا تو پوری تحریک انصاف ختم ہو جائے گی۔ پی ٹی آئی نے درجنوں بے نامی اکا ؤنٹ کھول رکھے ہیں اور ان کی تفصیلات پیش نہیں کیں،پاکستان دشمن فنڈنگ بھی پی ٹی آئی کو ملتی رہی ہے،امریکا،یورپ،بھارت،مشرق وسطیٰ سے پی ٹی آئی رہنماوں کے ذاتی اکاونٹس میں پیسے آتے تھے۔
بیرون ملک سے پیسہ عمران خان کے اکاونٹ میں آتا تھا، اگلے مہینے چیف الیکشن کمشنرریٹائرہوجائیں گے، پی ٹی آئی کوشش کررہی ہے کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل ختم ہوجائے تاکہ مقدمے کی کارروائی غیرموثرہوجائے۔ پروفیسر ساجد میر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے ریاستی نظام کے بگاڑ کی بنیادی وجہ اداروں کی عدم فعالیت اور سیاسی مداخلت ہے۔ ریاستی نظام داخلی اور خارجی دونوں محاذوں پر سنگین نوعیت پر مبنی مسائل کی نشاندہی کررہا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ اس کا ادراک حکومت اور اداروں کو نہیں ہے۔
ان کے سامنے صرف طاقت کی لڑائی ہے او راس لڑائی میں نتائج کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ اداروں کے درمیان ٹکراو کی کہانی نئی نہیں۔ جب بھی اس ملک میں سیاسی عدم استحکام ہوا یا سیاسی نظام کی بساط کو لپیٹا گیا تو اس کے پیچھے سیاسی اور ریاستی ادراوں کے درمیان ٹکراو تھا او راس کے نتیجے میں ملک میں جمہوری تسلسل بھی جاری نہیں رہ سکا کیا۔ مختلف اداروں میں ٹکراو کی پالیسی ملک کے مفاد میں نہیں۔